بھٹکل ،19؍ جون (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ میں کووڈ معاملات میں روز بروز کمی آتی جارہی ہے، اس کے باوجود تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے اس پر قابو پانے کے اقدامات مسلسل کیے جارہے ہیں۔
تازہ اقدام کے طور پر شہر کے کنٹینمنٹ علاقوں میں گھر گھر پہنچ کر کووڈ ٹیسٹ کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے۔ کل ٹی ایم سی حدود میں واقع منکولی علاقے میں محکمہ صحت کے عملہ نے لوگوں کے گھروں تک جا کر کووڈ جانچ کی کارروائی انجام دی۔ اس موقع پر ٹی ایم سی کے چیف آفیسر دیوراجو نے بتایا کہ شہری علاقے میں کورونا معاملات کم ہیں ، اس کے باوجود کنٹینمنٹ علاقوں میں جانچ کا کام کیا جارہا ہے۔ گزشتہ ہفتہ چوتھنی کے علاقے میں یہ کارروائی کی گئی تھی۔ جن وارڈس میں زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں وہاں لازمی طور پر گھروں تک پہنچ کر جانچ کا کام کیا جائے گا۔
اس کارروائی میں ٹی ایم سی اسٹاف کرن، اودئے، محکمہ صحت کے کارکنان، آشا کارکنان اور پولیس عملہ وغیرہ موجود تھے۔